سرینگر//سرینگر میں آج یعنی پیر سے دکانیں اور تجارتی مراکز مکمل کھل جائیں گے جبکہ ٹرانسپورٹ سروس بھی بحال ہوگی ۔ البتہ حکام نے کہا ہے کہ سرینگر میں پیر سے باقاعدہ شیڈول کے مطابق بازاردوبارہ کھلیں گے اور مسافر بردار ٹرانسپورٹ اپنی خدمات انجام دیگا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے ایک حکم نامہ کے تحت ، سرینگر میں کاروباری اور ٹرانسپورٹ کی سرگرمیوں پر پابندی ختم کردی ہے ضلعی حکام نے بتایا کہ دکانوں کو دوبارہ کھولنے اور مسافر بردار ٹرانسپورٹ سروس کو دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ صورتحال کے مختلف پہلوؤں پر محتاط غور و فکر کے بعد کیا گیا ۔یہ حکم اسٹیٹ ایگزیکٹو کمیٹی کے حکم کے مطابق جاری کیا گیا ہے جس کے مطا بق 4اگست2020 کو تمام بازاروں میں 50 فیصد دکانوں کو دوبارہ کھولنے کی اجازت دی گئی تھی۔اس حکم نامہ کے مطابق منی بسوں میں 50 فیصد مسافروںکے سفر کے ساتھ مسافربردار گاڑیوں کی نقل و حرکت کو دوبارہ شروع کرنے اور 10 نشستوں پر زیادہ سے زیادہ 4 مسافروں کے سفر کے علاوہ ٹیکسیوںاور آٹو رکھشائوں میں 2 مسافروں کو سفر کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔تمام بازاروں میں ، متبادل دکانیں کھلیں گی تاکہ بھیڑ کو روکنے کے علاوہ صارفین کو فاصلاتی اصول کے مطابق قطاروں کا استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔بازار کمیٹیوں کو یہ فیصلہ کرنے کا اختیار دیا گیا ہے کہ دکانوں کو کھولنے کیلئے فہرست مرتب کرنے کے علاوہ معیاری عملیاتی طریقہ کاراور ضوابط کا سختی سے عمل درآمد کرنے کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے۔ اس سلسلے میں ضلع کے تجارتی انجمنوں اور بازارایسوسی ایشن سے مشاورت کے بعد فیصلہ لینے کی تاکید کی گئی ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر نے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کے دوران چہرے پر ماسک پہننے اور دوری کے پابند رہنے جیسے تمام معیاری عملیاتی طریقہ کار اور ہدایات پر سختی سے پابندی ہوگی۔ مسافر بردار ٹرانسپورٹ سروس دوبارہ شروع کرنے کی ہدایات میں گاڑیوں کی تعداد کا منصوبہ بھی شامل ہے جس میںضلع میں نامزد سڑکوں پر ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت ہوگی۔ بھیڑ کم کرنے کیلئے کسی بھی راستے پر گاڑیوں کی کل تعداد کے ایک تہائی سے زیادہ کو چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ سری نگر میں 80 کے قریب نامزد پبلک ٹرانسپورٹ سڑکیں ہیں۔سرینگر میں5ماہ کی طویل مدت کے بعد مسافر بردار ٹرانسپورٹ کے پہیہ حرکت کرتے ہوئے نظر آئیں گے،جبکہ دکانیں بھی قریب تیسرے مرحلے میں لاک ڈائون کے15روز بعد کھل جائے گی۔